ایل ڈبلیو ایم سی سے گھوسٹ ملازمین کو فوری نکالا جائے: محمود الرشید 


لاہور ( نیوز رپورٹر) وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات سے شہر میں صفائی کا نظام کافی بہتر ہوا ہے تاہم ابھی بھی یہ ہمارے مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ شہر کی ہر چھوٹی بڑی گلی اور سڑک صاف نظر آئے۔ وہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی 9 نئی گاڑیوں اور 48 رکشوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ بلدیہ ہو یا لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، گھوسٹ ملازمین کا مسئلہ کبھی حل نہیں ہوا۔ میری نئے سی ای او کو ہدایت ہے کہ گھوسٹ ملازمین کو فوری نکال کر عوام کا پیسہ بچائیں۔ نیز ہر علاقے میں تعینات ملازمین کی فہرست اور ڈیوٹی کے اوقات وہاں آویزاں کیے جائیں۔ صفائی میں شہریوں کا اپنا کردار اجاگر کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے۔


عاطف چوہدری نے کہا کہ خراب کنٹنیرز کو موقع پر مرمت کرنے والی گاڑیوں سے پیسے اور وقت کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئے رکشے تنگ اور چھوٹی گلیوں سے بھی کوڑا اٹھا سکیں گے۔سی ای او نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورکشاپ کے معاملات شفاف بنانے کے لیے سارا نظام کمپیوٹرائز کر دیا ہے اور گاڑیوں کا غیر ضروری استعمال روک کر ایندھن بچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن