لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کی یورپی ایسوسی ایشنز کے آفیشلز سے ملاقات ‘ باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے،اس موقع پر جرمنی، نیدرلینڈز اور بیلجیئم کی جانب سے پاکستان فٹبال کو تکنیکی سپورٹ کی فراہمی کے امکانات پر غور کیا گیا۔ قطر میںمیٹنگ میں جرمن فٹبال کی سیکرٹری ہائک الرچ، رائل بیلجیئن فٹبال کے صدر وان ڈین بلک اور رائل نیدرلینڈز فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر جسٹ سپی موجود تھے۔
پی ایف ایف کی نمائندگی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک، ارکان شاہد نیاز کھوکھر اور سعود ہاشمی نے کی۔پاکستانی وفد نے میٹنگ کے شرکاءکو فٹبال کی صورتحال،عوام کے اس کھیل سے لگاﺅ اور ملک میں موجود بے پناہ ٹیلنٹ سے آگاہ کیا۔پاکستان میں ویمنز فٹبال اور ایجوکیشن پروگرامز خاص طور پر زیر غور آئے۔ہارون ملک نے کہا ہے کہ فٹبال کی بڑی طاقتوں میں شمار ہونے والے ان ملکوں سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے سمجھنے اور کھیل میں بہتری لانے کا موقع مل سکتا ہے۔ شرکاءنے پاکستان فٹبال میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہتر مستقبل کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی حامی بھری ہے،عالمی برادری کےساتھ مضبوط تعلقات سے ہی ملکی فٹبال کو بہتری کی جانب گامزن کرنے کیلئے نئی راہیں کھلیں گی۔