کوئٹہ( این این آئی) لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے سیاسی قیادت اور ریاستی اداروں کا ایک پیج پر ہونا خوش آئند ہے۔مثبت پیش رفت سے بلوچستان میں دائمی امن اور ترقی کی راہ میں حائل مشکلات کے سدباب میں مدد ملے گی۔یہ بات وزیراعلیٰ کے کوآرڈی نیٹر برائے یوتھ افیر نوابزادہ جمال رئیسانی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے سابق سیکرٹری اطلاعات وترجمان چوہدری شبیر کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی احساس اور عوامی سوچ کا نام ہے پرامن خوشحال بلوچستان ہمارا وژن اوربلوچستان میں امن کا قیام عوام کو درپیش درینہ مسائل کا حل ساحل و وسائل پر عوامی حق حاکمیت کو یقینی بنانا بی اے پی کی قیادت کا مشن ہے۔میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں حکومت کی کوشش ہے کہ ہمارے جائز حقوق کاحصول ماضی میں ہونے والے سیاسی و معاشی کھلواڑ کا انتہائی مثبت انداز میں دائمی حل یقینی ہو۔