سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے ضلع سانبہ اور رام گڑھ سیکٹر میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی ہے ۔ جموں و کشمیر پولیس، ایس او جی ، سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے سانبہ میں کئی علاقوں میں تلاشی آپریشن کیا جبکہ وسطی، جنوبی اور شمالی کشمیر کے درجن بھر مقامات پر جمعرات کو مقبوضہ کشمیر کے تحقیقاتی ادارے ( ایس آئی اے) نے چھاپے مارے ہیں ۔ بھارتی فوج ، سی آر پی ایف اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ایس آئی ائے ٹیم نے وسطی، جنوبی اور شمالی کشمیر میں درجنوں گھروں کی تلاشی بھی لی ۔ جنوبی کشمیر میں عوام دشمن بھارتی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے ۔ضلع کولگام میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کریں اور کشمیر میں نسل کشی کی مہم اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے بھارت پر دبا ڈالیں۔سینٹرل جیل سری نگر سے ایک بیان میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ بھارت خطے کی زمینی صورتحال کے بارے میں دنیا کو گمراہ کرنے اور عام بھارتی عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔جبکہ بھارتی حکومت نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کے پروڈکشن آرڈر پر عمل درآمد نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ جموں میں انسداد دہشت گردی کی ٹاڈا عدالت نے یاسین ملک کے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے22 دسمبر کو عدالت میں پیش کر نے کا حکم دیا تھا۔ یاسین ملک کے خلاف بھارتی حکومت کی خصوصی پراسیکیوٹرمونیکا کوہلی نے جموں میں میڈیا کو بتایا ہے کہ ٹادا عدالت کی طرف سے یاسین ملک کے پروڈکشن آرڈر کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
تلاشی کاروائیاں جاری عالمی برادری تنازعہ کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کرے:حریت کانفرنس
Nov 25, 2022