دبا ئو کے با و جود میرٹ پر اہم تقرریوں کا فیصلہ کیا : وزیراعظم ، نئے آرمی چیف کی ملا قا ت

Nov 25, 2022


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ)  وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہائوس میں اپنی تقرری کی منظوری کے بعد جنرل عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد مرزا نے  الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے جنرل ساحر شمشاد مرزا اورجنرل سید عاصم منیر کو مبارکباد دی اور ان کی نئی ذمہ داریوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے آپ کی سربراہی میں مسلح افواج قومی سلامتی کو درپیش چیلینجز سے احسن انداز میں نمٹیں گی اور ملک سے دہشت گردی کی عفریت کو مکمل ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سنیارٹی کے اصول پر فیصلہ ادارے کی مضبوطی کے ساتھ ملک میں استحکام کا باعث بنے گا۔  نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فوجی قیادت کی تقرری کے معاملے پر دباؤ کے باوجود فیصلہ میرٹ پر کیا گیا۔ سنیارٹی کے اصول پر فیصلہ ادارے کی مضبوطی کے ساتھ ملک میں استحکام کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنیارٹی کا  اصول، اداروں کو مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انشاء اللہ معاملات آگے چلیں گے۔ معیشت مضبوط ہو گی۔ ملک میں انتشار، افراتفری کی گنجائش نہیں۔دوسری طرف  وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے وزیر اعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جنرل ندیم رضا کی دفاع وطن کو مزید مضبوط بنانے اور آرمی کے ادارے کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے جنرل ندیم رضا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لئے آپ کی خدمات پر فخر ہے۔ آپ جیسے باوقار اور باصلاحیت افسر نے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے منصب پر نہایت شاندار خدمات انجام دیں۔ وزیراعظم نے جنرل ندیم رضا کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔  علاوہ ازیں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم انجم نے بھی ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی ایس جنرل ندیم انجم نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کو ملاقات میں ملکی سکیورٹی امور پر بریفنگ دی۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو موجودہ امن و امان کی صورتحال پر بھی بریف کیا۔مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی سفیر نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور پر پاک سعودی تعلقات پر بات چیت کی گئی۔

مزیدخبریں