ایتھوپیا کا پاکستان میں سفارتخانہ کھولنا‘ سفارتی تعلقات کی تجدید خوش آئند: بلاول

Nov 25, 2022


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں ایتھوپیا کے پہلے ریذیڈنٹ سفیر جمال باکر عبداللہ کی ملاقات۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایتھوپیا کو پاکستان میں اپنا سفارت خانہ کھولنے پر خوش آمدید کہا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان سفارتی تعلقات کی تجدید خوش آئند ہے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے اور ایتھوپیا کی ایئر لائن کے اشتراک سے براہ راست پروازوں کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔ ایتھوپیا کے سفیر نے سفارت خانہ کھولنے میں تعاون کی فراہمی پر حکومت پاکستان بالخصوص وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ ریذیڈنٹ سفیر جمال باکر عبداللہ نے وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے نانا ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ایتھوپیا میں پاکستان کا سفارتخانہ کھلا تھا اور آج وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دور میں ایتھوپیا نے پاکستان میں اپنا سفارتخانہ کھولا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے قطر کے پاکستان میں سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان بن فیصل آل ثانی کی ملاقات۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فیفا ورلڈ کپ کے انعقاد پر قطر کے سفیر کو مبارک دی۔ سفیر نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ قطر کی فیفا ورلڈ کپ میچ قطر میں دیکھنے کی دعوت پہنچائی۔ ملا قات کے دوران وزیر خا رجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ قطر کے ساتھ پاکستان اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان اور قطر کے درمیان اسلامی اخوت و بھائی چارے، باہمی اعتماد و تعاون پر مبنی تاریخی تعلقات استوار ہیں۔
بلاول

مزیدخبریں