کراچی (نیوز رپورٹر)ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ 11ماہ کے دوران پی آئی اے کے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 57واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات پر مبنی اعداد و شمار جاری کر دیے، سب سے زیادہ واقعات لاہور ایئر پورٹ پر واقع ہوئے۔رپورٹ کے مطابق جنوری تا اکتوبر53اور نومبر میں 4واقعات رپورٹ ہوئے، طیاروں سے پرندے ٹکرانے کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو لاکھوں ڈالر نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا۔پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ 21واقعات طیاروں کے لینڈنگ کے دوران ہوئے، دوران اپروچ 12اور ٹیک آف کے وقت طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 8واقعات رپورٹ ہوئے۔ پی آئی اے کے مطابق پرندے ٹکرانے سے پانچ طیاروں کو نقصان پہنچا، زیادہ تر واقعات میں طیارے بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔کراچی ایئرپورٹ پر جنوری سے اکتوبر تک پرندے ٹکرانے کے 6 واقعات ہوئے، رواں ماہ 2 واقعات ہوئے، مجموعی طور پر 8طیاروں کے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔لاہور میں جنوری تا اکتوبر 23 اور نومبر میں 2 واقعات رپورٹ ہوئے، مجموعی طور پر 25 واقعات رپورٹ ہوئے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر 10ماہ کے دوران 8واقعات رپورٹ ہوئے، فیصل آباد ایئرپورٹ پر 1، سکھر 1، کوئٹہ 7، پشاور 4 جب کہ دمام میں ایک واقعہ رپورٹ ہوا۔جن طیاروں کو پرندے ٹکرانے سے نقصان پہنچا، ان میں پی آئی اے کے اے ٹی آر، بوئنگ 777، ایئر بس 320 طیارے شامل ہیں۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے باعث قومی ایئر لائن کو اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں، اور اس سے پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوتا ہے۔