آغا سراج درانی ریفرنس، شریک ملزم کو بیرون ملک سفر کی اجازت


کراچی (نیوز رپورٹر)کراچی کی احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف  آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس  میں شریک ملزم کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ۔احتساب عدالت میں آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ ریفرنس میں شریک ملزم گلزار نے بیرون ملک سفر کی اجازت کی درخواست دائر کردی۔ وکیل صفائی ملک جاوید الطاف نے موقف دیا کہ ٹی ڈیپ نے جنوبی افریقہ میں ہونے والی نمائش میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کی دعوت دی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کو باہر جانے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے ملزم کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی۔ عدالت نے ملزم کو 5 لاکھ روپے زر ضمانت جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ملزم کو 8 دسمبر تک وطن واپس آنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ میں واحد سیاسی کارکن ہوں جو ابھی تک کیس کا سامنا کر رہا ہوں۔ چار سال ہوگئے عدالتوں کے چکر لگا رہا ہوں۔ ہر پیشی پر آتا ہوں تاریخ ملتی ہے پھر چلا جاتا ہوں۔ کبھی جج صاحب نہیں ہوتے کبھی کوئی اور مسئلہ ہوتا ہے۔ گیارہ ماہ سے جج نہیں ہے۔ آرمی چیف کی تعیناتی آئین کے مطابق ہو رہی ہے۔ جو وفاق میں ہیں وہ بات رہے ہم تو سندھ میں ہوتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن