کراچی (نیوز رپورٹر)سندھ میں خواتین وبچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں کمی نہ آسکی، رواں سال کے ابتدائی 10ماہ میں خواتین اور بچوں سے زیادتی کے 238سے زائد واقعات رپورٹ کیے گئے ہیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق 55سے زائد اجتماعی جنسی زیادتی کے واقعات شامل ہیں، جبکہ گزشتہ سال 272زیادتی کے اور اجتماعی جنسی زیادتی کے واقعات کی تعداد 82تھی۔ پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف کراچی میں جنوری سے ابتک زیادتی کے 235واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ اجتماعی جنسی زیادتی کے واقعات کی تعداد 48سے زائد ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کراچی میں اجتماعی جنسی زیادتی واقعات کی تعداد 74تھی، پولیس نے مجموعی طور پر ابتک 89 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، دوسری جانب ذرائع سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ کئی واقعات ایسے ہیں جو رپورٹ نہیں ہوتے ہیں۔ دوسری جانب اسسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن(ایس ایس ڈی او)اور سینٹر فار ریسرچ، ڈیولپمنٹ اینڈ کمیونیکیشن(سی آر ڈی سی) کی رپورٹ کے مطابق رواں سال صرف جولائی کے دوران پاکستان بھر میں کم از کم 133خواتین کو اغوا کیا گیا جب کہ 85سے زائد عورتوں کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔