کراچی (اسپورٹس رپورٹر)جامعہ این ای ڈی، پاکستان نیوی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے زیرِاہتمام دو روزہ آل پاکستان انٹرورسٹی شوٹنگ چیمپئن شپ(مین) 2023 - 2022 کے مقابلے پاکستان نیوی کی شوٹنگ رینج کارساز میں منعقد کیے گئے، جس کی افتتاحی تقریب کی صدارت شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی(تمغہ حسن کارکردگی ) نے کی.موقعے پر پاکستان نیوی کے ائیر کموڈور عرفان تاج(ستارہ امتیاز ملٹری) اعزازی مہمان تھے۔ موقع کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ الجامعہ کا کہنا تھا کہ آج ضرورت ہے کہ نوجوانوں کو جسمانی مشقوں کی بھی تیاری کروائی جائے۔ نشانہ بازی کی مشق جو پہلے تیراندازی کے ذریعے ہوتی تھی موجودہ دور میں ہتھیار کی مدد سے ہوتی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس مشق کے ذریعے طالب علم ہدف پر فوکس کرنا سیکھتے ہیں۔ قائم مقام مینجر اسپورٹس و آرگنائزنگ سیکریٹری فرخندہ فصیح اور کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر علی حسن محمود نے بتایا کہ اس چیمپئن شپ میں ملک بھر سے آئی 11ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے پاکستان نیوی کے لیفٹیننٹ خالد بن انور اور ان کی ٹیم کی خدمات کا ذکر کیا۔ ان دو روزہ مقابلوں کے اختتام پر ڈائریکٹر جزل اسپورٹس ایچ ای سی جاوید علی میمن اور رجسٹرار این ای ڈی سید غضنفر حسین نے جیتنے والی ٹیموں میں انعامات کی تقسیم کیے. اختتامی مرحلے پر ڈائریکٹر جزل اسپورٹس جاوید علی میمن کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر اس کھیل کو فروغ دے کر عالمی مقابلوں کے لیے کھلاڑی تیار کرنے چاہیئے۔ جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق انٹرورسٹی چیمپئن شپ 2022کی فاتح ٹیموں میں بل ترتیب کراچی یونیورسٹی اور یونی آف سینٹر پنجاب نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی. لاہور یونی ورسٹی اور گریسن لاہور یونیورسٹی دونوں ٹیمیں تیسری پوزیشن پر رہیں. اس موقعے پر 19 مرتبہ قومی چیمپئن شپ کے فاتح غلام مصطفی بشیر، پاکستان نیوی کے آفیشلز، رائفل شوٹنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رضی احمد خان سمیت این ای ڈی کے ڈائریکٹر سروسز وصی الدین، شعبہ سوفٹ وئیر انجینئرنگ کی چیئرپرسن شہنیلہ زرداری، ڈپٹی رجسٹرار خالد مخدوم ہاشمی اور ڈپٹی کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ترنم غفار بھی شریک رہیں.