اسلام آباد(خبرنگار)لوک ورثہ، وزارت قومی ورثہ و ثقافت کے تحت دس روزہ فوک فیسٹیول "لوک میلہ"کا آج سے آغاز ہو رہا ہے وفاقی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت فرینہ مظہرنے لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر شہزاد درانی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میلہ اپنی نوعیت کا منفرد میلہ 4دسمبر تک لوک ورثہ کمپلکس گارڈن ایونیو شکرپڑیاں پر جاری رہے گااس میلہ کے بنیادی مقاصد میں پاکستان کے ثقافتی ورثہ کا فروغ بنیادی حیثیت رکھتا ہے یہ میلہ وفاق کی تمام اکائیوں کو ثقافتی انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رکھنے میں بھی مدد کرتا ہے اس طرح یہ میلہ وفاق اور صوبوں کے درمیان قومی یکجہتی اور یگانگت کو فروغ دیتا ہے یہ میلہ ملک بھر کے ماہر دستکاروں اور ہنر مندوں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے اور قومی سطح پر اپنے فن کو منوانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔یہ میلہ ماہر دستکاروں اور ہنر مندوں میں غربت کم کرنے کا بھی ایک ذریعہ ہے کیونکہ اس میلے کے دوران دستکار اپنی بنائی ہوئی مصنوعات بغیر کسی ایجنٹ کے برائے راست عوام کو فروخت کر سکتے ہیں اور اپنی مناسب اجرت حاصل کر سکتے ہیں۔ملک بھر سے 500 سے زائد ماہر دستکاراور فنکار اس دس روزہ میلہ کا حصہ ہوں گے۔تمام صوبے ، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر اس میلے میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ صوبائی پیویلنز کو لوک میلے میں مرکزی حثیت حاصل ہو گی یہ پیویلنز ہر صوبے اور علاقے کے مخصوص ثقافتی اور روائتی لوک فنون، لوک گیتوں۔ لوک کھانوں اور لوک دستکاریوں کے عکاس ہونگے۔ہر صوبہ گلگت بلتستان اور آذادکشمیر میلے کے دوران ایک خصوصی لوک موسیقی کی محفل کا اہتمام کریں گے۔لوک ورثہ بھی میلے کے دوران ایک خصوصی "صوفی نائیٹ"اور محفل موسیقی کا اہتمام کرے گا۔میلے کا غیر رسمی آغاز 25 نومبر بروز جمعہ سے ہو گا۔ تا ہم اس کا باقاعدہ افتتاح ہفتہ 26 نومبر 2022 دن 2:30 بجے ہو گا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام صاحب افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔میلے کا انٹری ٹکٹ100 روپے فی کس ہو گا۔ طلبا و طالبات کا رعائتی ٹکٹ 50 روپے فی کس ہو گا۔میلے کی آمدن کا ایک حصہ سیلاب ذدگان کی مدد کے لئے وزیراعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ میں دیا جائے گا۔لوک میلہ کے اوقات روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک ہوں گے۔اس میلے کے مقاصد میں ماہر دستکاروں ، لوک فنکاروں اور ہنر مندوں کی عزت افزائی اور انھیں اپنے اپنے فنون کو جاری رکھنے کی ترغیب بھی شامل ہے تاکہ ہمارا یہ قومی ثقافتی ورثہ نئی نسل تک منتقل ہو سکے۔ لوک میلیمیں ہر سال افتتاحی تقریب میں ایک ماہر دستکار یا دستکارہ اور ایک نامور لوک فنکار یا لوک فنکارہ کی دستاربندی یا چادرپوشی انجام دی جاتی ہے۔اس سال آذادجموں وکشمیر کی ایک ماہر دستکارہ کی چادر پوشی انجام دی جائے گی جبکہ گلگت بلتستان کے ایک نامور لوک فنکار اور صوبہ خیبرپختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقے فتح پور سوات کے ایک ماہر دستکار کی دستار بندی کی جائے گی۔لوک میلے کی دیگر اہم سرگرمیوں میں ماہر دستکاروں کی نمائش دستکاریوں کے سٹالز، ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوک رقاصوں کی پرفارمنسز، روائتی لوک کھانوں کے سٹالز، PNCA پرفارمنگ تھٹیر او ر پپٹ تھیٹر کی پرفارمنسز شامل ہیں۔میلہ کا اختتام بروز اتوار 4 دسمبر2022 کو ہو گا۔ میلہ کی تقریب تقسیم انعامات 4 سمبر2022 بوقت 4 بجے منعقد ہو گی جس میں جیوری کی جانب سے نامزد ماہر دستکاروں ہنر مندوں اور لوک فنکاروں کو خصوصی انعامات دیئے جائیں گے۔