راولپنڈی میڈیکل کالج اینڈ یونیورسٹی کے پیٹرن انچیف/ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر کا دبئی میں پاکستان میڈیکل سینٹر کا دورہ 

راولپنڈی میڈیکل کالج اینڈ یونیورسٹی (RMU) کے پیٹرن انچیف/ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے دبئی میں RMU کی گولڈن جوبلی کی تقریب میں شرکت کی- پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں ہونے والی اس تقریب سے قبل پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر کو پاکستان میڈیکل سینٹر کا دورہ کروایا گیا- اس موقع پرپاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام، ڈاکٹر نسیم صابر، ڈاکٹر حسنین علی جوہر، پاکستان جرنلسٹس فورم کے صدر طاہر منیر طاہر، سینئر وائس پریذیڈنٹ سعدیہ عباسی، پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے دیگر ارکان اور تقریب میں شرکت کے لئے آئے مہمان بھی موجود تھے جنہوں نے پاکستان میڈیکل سینٹرکا دورہ کیا- اس موقع پر ڈاکٹر فیصل اکرام اور ڈاکٹر نسیم صابر نے پروفیسر ڈاکٹرمحمد عمر کوپاکستان میڈیکل سینٹر کے مختلف شعبے دکھائے- پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل سینٹر اپنی نوعیت کا واحد میڈیکل سینٹر جہاں نہ صرف پاکستانیوں بلکہ دنیا کی تمام قومیتوں کے لوگوں کو بھی طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں- ڈاکٹر فیصل اکرام نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل سینٹرکی تعمیر امارات میں مقیم پاکستانیوں نے مل جل کر کی ہے- PMC کے وزٹ کے دوران پروفیسر ڈاکٹرمحمد عمرنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ھوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کے بیشمار ممالک کا دورہ کیا ہے لیکن اس جیسا میڈیکل سینٹر نہیں دیکھا جو جدید میڈیکل ایکوئپمنٹس سے مزین ہے- انہوں نے اتنا اچھا میڈیکل سینٹر بنانے پر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کو خراج تحسین پیش کیا- پروفیسر ڈاکٹرمحمد عمرنے کہا کہ ہر کسی کو چاہیے کہ وہ اپنی حیثیت کے مطابق کار خیر میں حصہ لے- ہم پر ہماری قوم اور اپنے آبائی علاقوں کا قرض ہے اور یہ قرض تبھی ادا ہو سکتا ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر ملک و قوم اور اپنے علاقوں میں دکھی انسانیت کے لئے کام کریں-

ای پیپر دی نیشن