اسلام آباد (خبرنگار) امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید نے فیصل مسجد میں خطبہ جمعہ دیا اور نماز کی امامت کی جس میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی، جامعہ کے نائب صدور، مختلف مسلم ممالک کے سفارتکاروں، معروف دینی و سیاسی شخصیات اور جڑواں شہروں کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امام کعبہ نے خطبہ جمعہ میں احترام انسانیت اور احترام رائے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ احترام انسانیت کی خصوصیت کو اپنانے والا معاشرہ کامیابی سے ہمکنار ہوتا ہے۔ امام کعبہ نے انسانی جان کی حرمت اور امن کی ترویج پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے تلقین کی کہ اختلاف رائے کے باوجود احترام رائے کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔ اسلام کی رو سے ایک دوسرے کی رائے اور مزاج کا احترام لازم ہے۔ فی زمانہ اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک ایک ہو جائیں اور ان کا ایسا اتحاد ہونا چاہیے جس میں کوئی دراڑ نہ ہو۔ امام کعبہ نے عالم اسلام کے استحکام، پاکستان کی ترقی اور غزہ کے نہتے مسلمانوں کی مشکلات کے خاتمے کے لیے رقت آمیز دعا کی۔