اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) نگران حکومت نے ٹیکس چوری روکنے کےلئے بڑا قدم اٹھا لیا۔ ایف بی آر اور نادرا کی کمیٹی قائم کردی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کرلیا۔ نادرا اور ایف بی آر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کی تکنیکی کمیٹی قائم کرتے ہوئے حکومت نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نادرا اور ایف بی آر کی کمیٹی کی سربراہی چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کریں گے۔ کمیٹی ڈیٹا اور آئی ٹی انفراسٹرکچر کے ذریعے ٹیکس نیٹ بڑھانے اور انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کےلئے تجاویز دے گی۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر اور نادرا ٹیکس دہندگان کی اصل آمدن کا جائزہ لیں گے، نئے ٹیکس دہندگان کی رجسٹریشن اور نان فائلر کے ٹیکس پروفائل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایف بی آر اور نادرا کے درمیان ڈیٹا کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔
ٹیکس چوری روکنے،نیب وسیع کرنے کیلئےایف بی آر اور نادرا کی مشترکہ کمیٹی قائم
Nov 25, 2023