لاہور مری (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار خصوصی) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف چار دن مری میں قیام کے بعد گزشتہ روز لاہور پہنچ گئے۔ انہوں نے مری میں قیام کے دوران مصروف دن گزارے، مقامی لیگی قیادت اور کارکنوں سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی تھیں۔ مقامی لیگی قیادت و کارکنوں نے ان سے ملاقات کرنے پر قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف آج (ہفتہ 25 نومبر کو) سیالکوٹ کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ نوازشریف آج صبح11 بجے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس پہنچیں گے۔ سابق وزیراعظم کل چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں سے خطاب کریں گے۔ نوازشریف دوپہر کو خواجہ آصف کی رہائش گاہ پر لیگی رہنماﺅں سے بھی ملاقاتیں کریںگے۔ مریم نواز سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی نوازشریف کے ساتھ ہونگے۔