اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن محمد حمید نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔ آرمی چیف نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امام کعبہ کا پاکستان آنا پاکستانی عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین سے بے پناہ عقیدت رکھتے اور گہرا احترام کرتے ہیں۔امام کعبہ نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے، اسلام کی غلط تشریحات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔دونوں معزز شخصیات نے غزہ تنازعہ میں جاری مظالم اور غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کی مذمت کی اور فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مثالی تاریخی مذہبی اور ثقافتی رشتوں اور پاکستانیوں کے دلوں میں مملکت سعودی عرب کی انوکھی عقیدت کے علاوہ دونوں برادر ممالک کے درمیان نظریات کے اتحاد پر مبنی مضبوط اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔آخر میں امام کعبہ نے امت کے امن، استحکام اور اتحاد کے لیے دعا کی۔
امام کعبہ کی ملاقات، دورہ پاکستانی عوام کیلئے اعزاز کی بات:آرمی چیف
Nov 25, 2023