بارش کی وجہ سے مکہ میں پودوں کی تیزی سے افزائش ہوئی ہے اور پہاڑوں پر لمبی لمبی گھاس اُگ آئی ہے، ناسا نے سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر جاری کر دی ہیں۔
سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ اور اس کے اطراف کے پہاڑ کئی ہفتوں کی موسلا دھار بارشوں کے بعد سرسبز و شاداب ہو گئے ہیں۔سٹیلائٹ سے حاصل تصاویر میں سعودی عرب کے کئی حصوں خاص طور پرمغربی سعودی عرب میں خشک علاقوں میں بھی سبزہ نظر آ رہا ہے،ایجنسی نے حال ہی میں ایکس پر ویڈیو کلپ شیئر کیا تھاجس میں بارشوں کے بعد کا ماحولیاتی اثردیکھا جاسکتا ہے۔اس غیر معمولی صورتحال کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہیں اور بہت سے صارفین اس سے حیران ہو رہے ہیں۔سعودی میڈیا کے مطابق کچھ لوگوں نے مکہ مکرمہ کی اچانک ہریالی کو نبی اکرمؐ کی ایک روایت سے جوڑا ہے،جس میں انہوں نے فرمایا ہے کہ قیامت اس وقت تک نہیں آئے گی جب تک کہ سرزمین عرب گھاس کے میدانوں اور دریاؤں میں تبدیل نہ ہو جائے۔