معروف امریکی ماڈل جیجی حدید نے اسرائیل کی سوچ پر شدید تنقید کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا صرف اسرائیل ہی سچا ہے، باقی دُنیا کیا جھوٹی ہے۔جیجی حدید کا شمار، اُن امریکی ماڈلز اور فنکاروں میں ہوتا ہے جو فلسطین کی حمایت میں اپنی آواز بُلند کررہی ہیں، اُنہیں فلسطین کی حمایت کرنے پر اسرائیل کی جانب سے دھمکیاں بھی دی گئیں لیکن اس کے باوجود وہ معصوم فلسطینیوں کی آواز بنی ہوئی ہیں۔اب اُنہوں نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے انسٹا اسٹوری میں اسرائیل کے خلاف بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ “اسرائیل ہر فلسطینی شہری کو دہشت گرد کہتا ہے اور اگر کوئی فلسطین کی حمایت کرتا ہے تو اسرائیل اُسے یہود دشمن کہتا ہے”۔جیجی حدید نے کہا کہ “اگر کوئی یہودی اسرائیلی حکومت کے خلاف کھڑا ہوتا ہے تو اُس پر بھی اسرائیل کی جانب سے نتیقد کی جاتی ہے اور اُسے کہا جاتا ہے کہ یہ بھی دشمن ہے”۔امریکی ماڈل نے سوال کیا کہ “تو کیا پوری دُنیا جھوٹی اور غلط ہے؟ صرف اسرائیل سچا اور صحیح ہے؟”واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جیجی حدید نے فلسطین میں انسانی المیے پر سخت موقف اپناتے ہوئے اسرائیلی حکومت کی ظالمانہ کارروائیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔امریکی ماڈل کی فلسطین کی حمایت کے بعد اسرائیلی حکومت کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ نے امریکی ماڈل کو سخت جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ یہودی بچوں کی موت پر آنکھیں کیوں پھیر رہی ہیں۔سرکاری اکاؤنٹ نے مزید لکھا تھا کہ جیجی حدید کی خاموشی بتاتی ہے کہ وہ کس کے ساتھ ہے اور اسرائیل امریکی ماڈل کو نہیں چھوڑے گا۔اسرائیل کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کے بعد امریکی ماڈل بیلا حدید اور اُن کی بہن جیجی حدید نے اپنے موبائل فون نمبرز تبدیل کردیے تھے۔یاد رہے کہ امریکی ماڈل بیلا اور جیجی حدید کے والد کا تعلق فلسطین سے ہے، اسی وجہ سے اُن کا خاندان ہمیشہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اپنی آواز بُلند کرتا ہے۔