لاہور (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے کہا ہے کہ گجرات اور پاکستان کے عوام نے عمران خان کی کال پر باہر نکل کر مینڈیٹ چوروں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری مونس الٰہی کی ہدایت پر گجرات میں پرامن احتجاج ہے۔ گجرات اور پاکستان کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کی کال پر باہر نکل کر مینڈیٹ چوروں کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آزادی تک ہم اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔ ہمارے پرامن کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ پنجاب حکومت کی ایما پر ہمارے کارکنوں کو بے بنیاد اور جھوٹے پرچوں میں نامزد کر کے گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری تنویر گوندل، چوہدری جاوید ماجرہ، توصیف شاہ، چوہدری اعجاز چک بھولا سمیت تمام کارکنوں کی گرفتاری کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ دریں اثنا چوہدری شجاعت حسین کی ہمشیرہ سمیرا الٰہی نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے جسے کوئی بھی ہم سے نہیں چھین سکتا۔
بانی پی ٹی آئی کی کال پر عوام نے مینڈیٹ چور مسترد کر دیئے: قیصرہ الٰہی
Nov 25, 2024