طبی مسائل کا شکار کسی پولیس ملازم کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا: آئی جی پنجاب

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کے بہترین علاج کیلئے پر عزم اور مسلسل مصروف عمل ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف سنگین بیماریوں کا شکار پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو طبی اخراجات کیلئے مزید 24 لاکھ روپے جاری کر دیئے ہیں۔منڈی بہاؤالدین کے سب انسپکٹر محمد مہدی کو ٹانگ کی میجر سرجری کیلئے9 لاکھ ‘ملتان کی لیڈی کانسٹیبل سونیا اختر کو طبی اخراجات کیلئے3 لاکھ روپے‘لاہور کی لیڈی کانسٹیبل ناہید سلیم کو طبی اخراجات کیلئے 3 لاکھ روپے ‘ ڈی ایس پی راجہ فیاض الحق کو اہلیہ کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے‘سرگودھا کے سب انسپکٹر محمد یعقوب کو ٹانگ کے علاج کیلئے 2 لاکھ روپے جاری ‘سب انسپکٹر شاہد محمود خان اور سینٹری ورکر سید ذوالفقار علی کو طبی اخراجات کیلئے1 لاکھ روپے فی کس ‘ریٹائرڈ انسپکٹر منظور احمد اور سب انسپکٹر نور خان کو علاج معالجے کیلئے1 لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر کی زیر صدارت کمیٹی نے صوبہ بھر سے موصول ہیلتھ کیسز کی سکروٹنی کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ طبی مسائل کا شکار کسی پولیس ملازم کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔مالی امداد کے علاوہ ہسپتالوں کیساتھ کئے گئے ایم او یوز سے بھی ملازمین کو علاج میں معاونت فراہم کی جارہی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن