نوشہرہ ورکاں (نامہ نگار) سردی میں معمولی سا اضافہ ہونے سے انڈے کی قیمتوں میں اضافہ، 20 روپے والا 35 روپے کا جبکہ 25 روپے والا 40 روپے کا بکنے لگا۔ تفصیلات کے مطابق معمولی سی سردی کے آنے سے ہی انڈوں سمیت متعدد اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مہنگائی کے اس طوفان نے سفید پوش کے لیے دو وقت کا نوالہ مشکل کر دیا۔ یہ صورتحال غریب اور سفید پوش عوام کے لیے وبال جان بنی ہوئی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ گیس اور بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں نے تو پہلے ہی کمر توڑ کر رکھ دی تھی اب رہی سہی کسر اشیائے خوردنوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے پوری کر دی۔ مزید کہا کہ حکومت کو تصاویری کاموں سے نکل کر عملی طور پر مہنگائی کو کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کرنے چاہیے ورنہ عوام کا گزارہ مزید مشکل ہو جائے گا۔ حکومت اشیائے خوردنوش کی قیمتوں کو مستحکم کرنے لیے حکمت عملی اپنائے تا کہ عام آدمی سکھ کا سانس لے سکے۔ دوسری طرف دوکانداروں کا کہنا ہے کہ سپلائی کی کمی اور قیمتوں میں اضافہ انکے کنٹرول سے باہر ہے۔