بانی پی ٹی آئی کی کال صرف مس کال ثابت ہوئی: لیگی رہنما

Nov 25, 2024

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)ایم پی ایز عمران خالد بٹ، عمر فاروق ڈار، سابق سٹی میئر شیخ ثروت اکرام ،سٹی صدر سلمان خالد پومی بٹ، لیگی رہنمائوں شعیب بٹ، خواجہ تنویر اشرف، جمشید ایوب بٹ، عامر اکرام بٹ ، چاند حمید بٹ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال صرف مس کال ثابت ہوئی ہے۔پنجاب کی غیور عوام نے احتجاج کو مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کا سیاسی جنازہ نکال دیا ہے ، عوام کو عمرانی ٹولے کا مکروہ چہرہ نظر آچکا ہے ،پی ٹی آئی ملک میں انتشار کی سیاست کرنے والی جماعت ہے، انشاء اللہ یہ ٹولہ کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو گا ، ملکی معیشت جب بھی مستحکم ہونے لگتی ہے تو عمرانی ٹولہ اسے تباہ کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آتا ہے اس سے صاف ظاہر ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی خیر خواہ جماعت نہیں ہے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ عمرانی ٹولے کی خام خیالی ہے کہ انکے احتجاج سے ان کا بانی جیل سے رہا ہو جائے گا یہ جو بڑی بڑی بڑھکیں مار رہے ہیں یہ سب سیاسی ڈرامے باز ہیں ،انہیں بھی معلوم ہے کہ انکے کپتان کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے ،حکومت عوام کی بہتری کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی غیر قانونی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں