شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کی خصوصی ہدایت پر سبزی و فروٹ منڈی کی منتقلی کے حوالے سے ضلع کونسل ہال میں ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان جلیس، سی او میونسپل کارپوریشن سمیت ضلع بھر سے انجمن تاجراں کے نمائندوں اور آڑھتی حضرات نے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں آڑھتیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے تحفظات اور تجاویز سنی گئیں، سبزی و فروٹ منڈی کی شفٹنگ کے عمل کو تیز کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈیوں کو شہر سے باہر شفٹ کرنے کا مقصد لوگوں کے کاروبار میں بہتری لانا ہے،عوام کی سہولت اور لوگوں کے کاروبار میں بہتری لانے کیلئے سبزی و فروٹ منڈیوں کاشہر سے باہر ہونا نہایت ضروری ہے، کشادہ سڑکوں اور بازاروں کوتجاوزات سے پاک کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔