فروغ عشقِ رسولِؐ کیلئے عید گاہ شریف کی خدمات روزِ روشن کی مانند عیاں ہیں، راغب نعیمی

راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے)سالانہ یا رسول اللہ کانفرنس کا انعقاد شیخ دا کوٹ ایفل ٹاور بحریہ ٹاؤن لاہور کے مقام پر کیا گیا جس کی صدارت عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کی ۔جس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب حسین نعیمی خصوصی طور پر شریک ہوئے اور خطاب کرتے ہوئے کہا  دینِ متین اسلام کی تبلیغ، ترویجِ شریعتِ مطہرہ اور فروغ عشقِ رسولِ مقبول  کے لئے آستانہ عالیہ عید گاہ شریف کی خدمات روزِ روشن کی مانند عیاں ہیں اور مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود اور دربارِ رسالت مآب سے اس کا تعلق مضبوط کرنا خانقاہی نظام کا مشن ہے جس کے لئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قبلہ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا  یہ حضور نبی رحمت کی امت ہونے کا اعجاز ہے کہ ربِ رحمن نے امتِ مسلمہ کو تمام بے اعتدالیوں سے محفوظ رکھا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ وطنِ عزیز پاکستان کو امن و سلامتی، اخوت و رواداری کا گہوارہ بنانے کے لئے معتدل امت ہونے کے شرف کے باعث ہمیں اپنے معاملات، اخلاق، رویوں میں اعتدال کو فروغ دینا چاہئے۔ انتہا پسند اور دہشتگرد عناصر کا دینِ متین اسلام اور وطنِ عزیز پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ۔ محفل میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام جن میں حافظ غلام مصطفی قادری و دیگر، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔  کانفرنس کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد حسان حسیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور فلسطین کے مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا پر ہوا  جس کے بعد وسیع و عریض لنگر کا اہتمام بھی تھا۔

ای پیپر دی نیشن