کراچی (کامرس رپورٹر) ڈاکٹر عافیہ کی سزا کے خاتمہ اور وطن واپسی کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن کے نام ’’پوسٹ کارڈز‘‘ پر دستخط کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ دا سالویشن آرمی چرچ (The Slavation Army Church) کے پادری ذیشان جوزف اور پادری آصف رضا کے تعاون سے عیسیٰ نگری میں ’’عافیہ رہائی - پوسٹ کارڈ دستخطی کیمپ‘‘ کا انعقاد کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے دعائیں کی اور پوسٹ کارڈز پر دستخط کر کے امریکی صدر جو بائیڈن سے انسانیت کے ناطے ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر پادری ذیشان جوزف، پادری آصف رضا اور سسٹر میجر ثمینہ اجمل نے کہا کہ ہم بھی پاکستانی شہری کی حیثیت سے امریکی صدر جو بائیڈن سے اپیل کرتے ہیں کہ ڈاکٹر عافیہ کی سزا ختم کرکے انہیں اپنے بچوں سے ملادیں اور ہم وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کرتے ہیں کہ امریکہ سے مل کر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کا راستہ نکالیں۔ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی پاکستانی مسیحی برادری کے لیے کرسمس اور نئے سال کا تحفہ ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے دسمبر میں جو پاکستان وفد امریکہ جا رہا ہے ، وہ واپسی پر پاکستانیوں کو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی خوشخبری سنائے گا۔