لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے جنوبی پنجاب کے تمام ڈویژنل ڈسٹرکٹ تحصیل تنظیموں سمیت الائیڈز ونگز کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ پارٹی کا 57واں یوم تاسیس انتہائی عقیدت و احترام اور نظریاتی جوش و جذبے سے 30 نومبر کو ضلعی سطح پر منانے کی تقریبات کیلئے اپنی تنظیموں کے اجلاس منعقد کرکے تیاریوں کو حتمی شکل دیں۔ پارٹی یوم تاسیس کے اجتماعات سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری30 نومبر شام 5 بجے لائیو خطاب کریںگے۔ پاکستان اور پیپلز پارٹی کا رشتہ روح و جسم کی مانند ہے۔یوم تاسیس کے موقع پر اندرونی و بیرون ممالک نظریاتی اجتماعات میں پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق بینظیر بھٹو شہیدکے قومی و عالمی خدمات کو سراہتے ہوئے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آئین قانون کی حکمرانی جمہوریت کے استحکام ناقابل تسخیر دفاع مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی دہشتگردی لاقانونیت انتہا پسندی عدم برداشت فرقہ پرستی کے خلاف جاری قومی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے اور چیئرمین بلاول بھٹو کے وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے کے سال عزم کے طور پر منایا جائے گا۔ جنوبی پنجاب وسیب کے ضلعی مقامات کے علاوہ شہروں قصبوں دیہاتوں کو یوم تاسیس منا کر پارٹی کو منظم کیا جائے گا۔