ینگ نیوروسرجن فورم کے انتخابات مکمل، پنز کے ڈاکٹر اسد شاہ جنرل سیکرٹری منتخب  

لاہور (نیوز رپورٹر) ینگ نیوروسرجن فورم پاکستان کے انتخابات مکمل،پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ڈاکٹر اسد شاہ جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ ڈاکٹر خضر حیات جوائنٹ سیکرٹری، ڈاکٹر جہانزیب فنانس سیکرٹری اور ڈاکٹر واجد انفارمیشن سیکرٹری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ انتخابات کا عمل 37 ویں سالانہ نیشنل نیوروسرجری کانفرنس میں ہوا،جس میں شعبہ نیورو سرجری سے وابستہ ماہرین کثیر تعداد میں موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو میں نو منتخب جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اسد شاہ نے کہا ہمارا مقصد پاکستان میں نیوروسرجری کی تربیتی معیار کو بہتر بنانا ہے۔ ہم اپنے نوجوان نیوروسرجنز کو بہترین تربیت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں ان کی مدد کریں گے۔ ملک بھر میں ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نوجوان نیوروسرجنز کو تجربہ کار ماہرین سے سیکھنے اور اپنے ہنر کو بہتر بنانے کا موقع ملے۔ ڈاکٹر اسد شاہ نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات نیوروسرجری کے شعبے میں نمایاں ترقی کا سبب بنیں گے اور ملک بھر میں مریضوں کے علاج کے نتائج میں بہتری آئے گی۔نئے منتخب عہدیداروں نے نیوروسرجنز کے درمیان تعاون اور علم کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ اور ینگ نیورو سرجن کے کردار پر روشنی ڈالی۔ تنظیم نوجوان نیوروسرجنز کیلئے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گی تاکہ وہ اس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔

ای پیپر دی نیشن