لاہور(کلچرل رپورٹر) فیض فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے تعاون سے ہزارہ کلچرل ہیرٹیج فیسٹیول کا انعقاد ہوا۔ چیئرمین الحمراء رضی احمد نے نامور آرٹسٹ سلیمہ ہاشمی، منیزہ ہاشمی و دیگر اعلی عہدیداروں کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔ چیئرمین الحمراء رضی احمد نے کہا ملک کاچپا چپا تمدنی و ثقافتی حسن سے مالا مال ہے۔ ہزارہ ہیرٹیج بھی دنیا میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے جسے اجاگر کرنے کیلئے فیض گھر کی کاوش قابل تعریف ہے۔ سلیمہ ہاشمی و منیزہ ہاشمی مبارکباد کی مستحق ہیں۔ ہزارہ کلچرل ہیرٹیج میں پینل گفتگو کے سیشن ہوئے جس میں مقررین نے ہزارہ کلچرل کے ثقافتی خزانے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے ملکی و غیر ملکی سطح پر ثقافت کے فروغ کے تحت باہمی بھائی چارے، امن، استحکام، محبت کا پرچار کرنے کی قدروں پر زور دیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء سارہ رشید نے کہا ہزارہ زبان میں محبت اور ادب کی گہرائی چھپی ہے۔یہ ان کے ورثے اور شناخت کا اہم جزو ہے۔ ہزارہ موسیقی دلوں کو چھونے والی دھنیں، ہزارہ موسیقی جذبات اور احساسات کا خوبصورت امتزاج ہے۔ یہ ان کی تاریخ اور ثقافت کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔ ہزارہ کلچرل ہیریٹیج پر منفرد اور خوش ذائقہ کھانوں کے سٹالز لگائے گئے۔ ہزارہ خواتین ہمت اور حوصلے کی علامت، ہزارہ خواتین نے ہمیشہ جدوجہد اور قربانی کی مثالیں قائم کی ہیں۔