احتجاج ، سیاسی افرا تفری کے معاشی سر گرمیوں پر منفی اثرات پڑرہے :صدر انجمن تاجران 

Nov 25, 2024

لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا پر تشدد احتجاج کے خدشات، قومی شاہراہوں ، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کی بندش اورسیاسی افرا تفری کے معاشی سر گرمیوں پر انتہائی منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ایسے حالات میں جب مقامی سرمایہ کارآگے آنے سے ہچکچاتے ہیں۔ وہاں غیر ملکی سرمایہ کاری کی توقع کرنا بیوقوفی ہے۔ اپوزیشن سے درخواست ہے کہ اپنے سخت موقف سے ایک قدم پیچھے ہٹے اور مذاکرات کی میز پر بیٹھے۔ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے احتجاج کی کال کے پیش نظر جس طرح کی فضا بنتی ہے اس سے تاجر طبقہ شدید اضطراب میں مبتلا ہے۔ ملک کے مختلف مقامات سے خریداری کیلئے آنیوالوں نے لاہور کا سفر نہیں کیا جس کی وجہ تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ قومی شاہراہیں اور ٹرانسپورٹ بند ہونے سے ٹرانسپورٹرز کو نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ معاشی طور پر انتہائی مشکلات کا شکار ملک اس طرح کی سیاسی افرا تفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اس لئے دردمندانہ اپیل ہے کہ مذاکرات کی میز پر بیٹھا جائے اور مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔

مزیدخبریں