وفاق‘ خیبر پی کے حکومت دہشتگردی‘ فرقہ ورانہ کشیدگی خاتمہ کے اقدامات کریں: زبیر احمد ظہیر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی اور قتل و غارت انتہائی قابلِ مذمت اور تشویشناک ہے۔ بالخصوص کرم میں فرقہ وارانہ کشیدگی، قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع فوری طور پر روکا جائے۔ ہم وفاق اور کے پی کے حکومتوں سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی سیاسی لڑائی کو بالائے طاق رکھ کر فوری طور پر دہشتگردی اور فرقہ وارانہ کشیدگی ختم کروانے کے لئے موثر عملی اقدامات کریں ورنہ یہ آگ پورے ملک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے اور پاکستان دشمن قوتیں اس سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوششیں کر سکتی ہیں۔ وہ اپنے مرکزی دفتر 110- جے فردوس مارکیٹ گلبرگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ میاں محمد اصغر، مولانا عبدالستار نیازی، الحاج محمد عباس بھی موجود تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہم  گولی، لاٹھی، ظلم و جبر اور نا انصافی کے ذریعے سے کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ ہم پوری قوم کی طرف سے دہشتگردی کا نشانہ بننے والے پاک فوج، پولیس اور عوام کے تمام شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں اس عفریت کا مکمل خاتمہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ جو بھی دہشتگرد پکڑے جائیں ان کو سرِ عام تختہ دار پر لٹکایا جائے۔ عوام سوچنے پر مجبور ہیں کہ ہمارے حکمرانوں کی ہمدردیاں اپنے شہدا اور قوم کے ساتھ ہیں یا دہشتگردوں کے ساتھ ہیں۔ عدل و انصاف کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔

ای پیپر دی نیشن