کراچی(کامرس رپورٹر) جی ڈی اے کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے کہا ہے کہ جمہوریت کے لبادے میں لپٹی ہوئی وفاقی حکومت اور ان کے اتحادیوں نے بدترین آمریت کی یاد تازہ کردی ہے ۔ ہر طرف ہو کا عالم ہے، اسلام آباد سمیت ملک کے تمام راستے اور کاروبار بند کرنا کون سی جمہوریت ہے۔ ملک کا آئین ہر سیاسی پارٹی کو احتجاج کرنے کا حق دیتا ہے، فارم 47 کے تحت بننے والی وفاقی حکومت اور ان کے اتحادیوں نے عوام سے یہ حق چھین لیا ہے، جمہوریت کی خود کو چیمپئن کہلانے والے پیپلز پارٹی کی بھی غیر جمہوری اقدامات پر زبان بندی ہو گئے ہیں، پارا چنار اور دیگر علاقوں کو دہشت گردوں اور سندھ کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، ملک بدامنی میں جل رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری بیان میں کیا۔ ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کو روکنے کے لیے اسلام آباد، لاہور سمیت تمام بڑے چھوٹے شہروں کو بڑے بڑے کنٹینرز لگا کر بند کر دیا ہے۔
کاروبار‘ راستے بند کرنا کون سی جمہوریت، جی ڈی اے
Nov 25, 2024