پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام، زمبابوے پہلا ون ڈے 80 رنز سے جیت گیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں زمبابوے نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 80 رنز سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ  زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلا گیا ۔ میزبان ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 206 رنز کا ہدف دیا۔ زمبابوے کے 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور قومی ٹیم کے 6 کھلاڑی 60 رنز پر آؤٹ ہوچکے تھے۔ میچ کے 21 اوور مکمل ہوئے تھے کہ بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا اور مسلسل بارش کے باعث میچ کو ختم کرنا پڑا۔ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر زمبابوے نے پاکستان کو80 رنز سے شکست دے دی۔اس سے قبل  پاکستان نے زمبابوے کیخلاف ٹاس جیت کر بائولنگ کا فیصلہ کیا ۔زمبابوے کی ٹیم 40.2 اوورز میں 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فیصل اکرم اور سلمان علی آغا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔حارث رؤف‘عامر جمال اور محمد حسنین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر صائم ایوب 11 اور عبداللہ شفیق ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کامران غلام 17رنز بناسکے ۔ سلمان آغا 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پانچویں وکٹ 49 رنزپرگری‘ حسیب اللہ کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔چھٹی وکٹ58 رنزپرگری‘ عرفان خان 7 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔ مزید 2 رنز کے اضافے کے بعد بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔ کپتان محمد رضوان 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے‘ عامر جمال کوئی رن نہ بناکر ناٹ آئوٹ تھے۔بلیسنگ موذاربائی ‘سکندر رضا اور سین ولیمز نے دو دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا ۔ سکندر رضا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کل بلاوائیو میں ہی کھیلا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن