کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان میں 10 سالہ طالب علم کی عدم بازیابی کے خلاف آج پہیہ جام ہڑتال کی کال دے دی گئی۔ بچے کی عدم بازیابی پراہل خانہ اور سیاسی جماعتوں نے ہڑتال کی کال دی ہے۔ آل پارٹیز میں بی این پی، این پی، اے این پی، جے یوآئی، ایچ ڈی پی، پی کے نیپ، پی کے میپ، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتیں شامل ہیں۔ وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ درانی کا کہنا تھاکہ بلوچستان کے تمام تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے، سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز پہیہ جام ہڑتال کے پیش نظربند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ امتحانات کے سلسلے میں آج ہونے والے پرچے منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ واضح رہے 15 نومبر کو 10 سالہ مصور کاکڑ کو نامعلوم افراد نے پٹیل باغ کے علاقے میں سکول سے گھر جاتے ہوئے اغوا کیا تھا‘ اہلخانہ نے کہا تھا کہ بچے کی بازیابی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
طالب علم کی عدم بازیابی: آل پارٹیز کا آج بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان
Nov 25, 2024