فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) فیصل آباد میں باراتیوں کی شکل میں مبینہ طور پر تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکنوں کو گرفتار کرنے کے معاملے پر 3 گھنٹے بعد دولہا وقار شادی کا کارڈ لے کر سرگودھا روڈ خود پہنچ گیا۔ وقار نے کہا کہ پولیس نے سرگودھا روڈ پر باراتیوں کی گاڑیوں کو کھڑا کیا ہوا ہے۔ ہمارا احتجاج سے کوئی تعلق نہیں، پولیس کو غلط فہمی ہوئی، ہمیں پی ٹی آئی قافلے کا حصہ سجھ کر بارات کی گاڑیاں روکیں۔ شادی کا کارڈ لیکر پہنچنے والے دولہے وقار نے کہا کہ پولیس نے ڈرائیورز سے موبائل فون اور گاڑیوں کی چابیاں لے لیں، گاڑیاں سجا کر بارات کی روانگی کیلئے گھر جا رہی تھیں، میری بارات ہاؤسنگ سوسائٹی سے امین پور بنگلہ جانی تھی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پولیس نے بارات کی صورت میں جانے والے پی ٹی آئی کارکنوں اور گاڑیوں کو روکنے کا دعویٰ کیا تھا۔
فیصل آباد: احتجاج میں ممکنہ شرکت‘ باراتی گاڑیاں روکنے پر دولہا شادی کارڈ لے کر پہنچ گیا
Nov 25, 2024