قوم نے تحریک انصاف کی فساد کی کال کو مسترد کر دیا: پیپلز پارٹی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+کامرس رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو عوام کے جان و مال کی کوئی فکر نہیں، قوم نے احتجاج کے نام پر فساد کی کال کو مسترد کردیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت قیام امن کے بجائے مسلح جتھوں کے ساتھ وفاق پر چڑھائی کرنے میں مصروف ہے، کرم میں بے گناہوں کے قتل کے واقعات پر وزیر اعلی کے پی کے اور پی ٹی آئی کیوں خاموش ہے؟۔ پی ٹی آئی اور خیبرپختونخواہ حکومت کے لیے انسانی جانوں سے زیادہ اپنی قیادت عزیز ہے، تحریک انصاف کا ہر احتجاج دوسرے ممالک کے سربراہان کی آمد پر ہی کیوں ہوتا ہے؟۔ یہ عناصر اسلام آباد پر حملہ آور ہوکر قومی مجرم کو رہا کرانا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی جمہوری طرز پر احتجاج اور قانون کے دائرے میں نہیں انتشار اور پرتشدد کارروائیوں کے ذریعے اپنے لیڈر کی رہائی چاہتی ہے۔  پی ٹی آئی کارکنان سوال کریں کہ عمران کے بچے اس احتجاج میں لاٹھی اور صعوبتیں برداشت کرنے کیوں نہیں آتے؟۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کے نام پر فساد کو قوم نے مسترد کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن