لاہور‘ پشاور‘ راولپنڈی موبائل سروس جزوی معطل‘ فلائٹ آپریشن جاری

لاہور+ راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان ریلوے نے پی ٹی آئی احتجاج کے معاملے پر لاہور‘ راولپنڈی اور پشاور کے درمیان تمام ٹرنیں فوری بند کر دی ہیں۔ ریلوے نے پشاور سے راولپنڈی‘ لاہور سے راولپنڈی جبکہ ملتان اور فیصل آباد سے راولپنڈی کے درمیان تمام ٹرین سروس بند کردی ہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق اتوار 24 نومبر کی تمام 25 ریل گاڑیوں کی بک ٹکٹیں بھی منسوخ کر دی گئیں جبکہ اتوار کی تمام گاڑیوں کے مسافروں کو ٹکٹوں کے پیسے فوری واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا داخلہ بھی مکمل بند کرکے سٹیشن سیل کر دیا گیا۔ مسافروں کو سٹیشن کے عارضی ٹکٹ گھر سے ہی بکنگ ٹکٹوں کے پیسے واپس کئے جائیں گے۔  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں موبائل سروس مکمل بحال ہے جبکہ دونوں شہروں میں ڈیٹا انٹرنیٹ سروس بند ہے۔  لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کے اطراف علاقوں میں موبائل سروس جزوی معطل ہے جبکہ کچھ علاقوں میں واٹس ایپ سروس بھی متاثر ہے۔ گوجرانوالہ، حافظ آباد، راجن پور، فیصل آباد، جہانیاں، وہاڑی میں انٹرنیٹ سروس کہیں معطل ہے اور کہیں انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہے۔  خیبر پختونخوا میں موبائل فون سروس مکمل بحال ہے مگر پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹرنیٹ معطل ہے جبکہ کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ سست روی کا شکار ہے۔ کراچی میں بھی موبائل فون انٹرنیٹ استعمال میں مشکلات کا سامنا ہے اور شہریوں کی جانب سے ویڈیو اور آڈیو پیغام رسانی میں مشکلات کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے جڑواں شہروں کے تمام نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا۔ مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین نے کہا ہے کہ آج بروز پیر راولپنڈی اسلام آباد کے تمام نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ دور دراز علاقوں میں قائم نجی تعلیمی ادارے صورتحال کو دیکھتے ہوئے ادارے بند کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ خود کریں۔ ضلع مری کی حدود میں  آج 25 نومبر بروز سوموار تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق ضلع مری  کے تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا۔ اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں آج تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے اعلامیے کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک بھر میں فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ مسافروں کو اسلام آباد ائرپورٹ پر روکنے کی افواہیں سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔

ای پیپر دی نیشن