لاہور، اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کو پیپلز پارٹی کے تحفطات دور کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کر دی۔پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ماڈل ٹائون لاہورمیں مشاورتی نشست ہوئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے شرکت کی۔ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا جبکہ پی ٹی آئی کی فائنل کال کی احتجاجی صورتحال بھی زیرغور آئی۔وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے رکھی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر پی ٹی آئی اور حکومتی ٹیموں کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کی خبریں گردش میں ہیں۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان ایک بار پھر اعلیٰ سطحی رابطے ہوئے ہیں، اس حوالے سے ذرائع نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ ، محسن نقوی اور ایک اعلیٰ سیاسی شخصیت نے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا، حکومتی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی مذاکرات پر مشاورت کی۔ پی ٹی آئی قیادت اور وزیراعلیٰ خیبرپی کے علیٰ امین گنڈاپور حکومتی مذکراتی ٹیم کے رویے کو مثبت سمجھ رہے ہیں، بیرسٹر گوہر کی جانب سے علی امین گنڈاپور کو مذاکرات کا مکمل اختیار دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے بھی کشیدگی بڑھانے کی بجائے سنجیدہ نکات پر بحث کے لیے مثبت رویہ دکھایا ہے، مشاورت کے لیے کچھ وقت دے کر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے راستے ہموار کیے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بشری بی بی کے بیان سے مذکرات کے ماحول میں خلل پڑا جبکہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلے کے تناظر میں بھی تاحال مذاکرات پر جواب نہیں دیا۔
وزیراعظم کی قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کو پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت
Nov 25, 2024