خواتین کیخلاف کسی بھی قسم کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں،سردار ایاز صادق

Nov 25, 2024

 اسلام آباد(خبرنگار)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور یہ انسانیت کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کو مساوی حقوق اور تحفظ فراہم کرنا ناگزیر ہے اسپیکر نے خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی حیثیت کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نصف سے زیادہ آبادی خواتین پر مشتمل ہے، انہیں بااختیار بنائے بغیر قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ سردار ایاز صادق نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ خواتین کے حقوق کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین خواتین کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور پارلیمنٹ نے خواتین کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے متعدد قوانین منظور کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں قائم وومن پارلیمانی کاکس خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح وبہبود کیلئے فعال کردار ادا کر رہا۔ اسپیکر نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے شعور بیدار کرنے اور ایسے معاشرے کی تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا جہاں خواتین عزت، تحفظ اور برابری کے ساتھ زندگی گزار سکیں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خواتین پر ہونے والے تشدد کے خاتمے اور انہیں سماجی و معاشی طور پر با اختیار بنانے کیلئے پارلیمان کے کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں