اسلام آباد(آئی این پی ) سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی فائنل کال پر احتجاج کرنے جارہے ہیں، احتجاج کا مقصد 26ویں ترمیم، مینڈیٹ کی واپسی اور بیگناہوں کی رہائی ہے، پی ٹی آئی نے کروڑوں ووٹ لیے ہیں، احتجاج پہلی مرتبہ نہیں کررہے، بیلاروس کے صدر کے دورہ پاکستان کا ہمیں علم تک نہیں تھا، بیلاروس کے صدر کے دورہ پاکستان کی تاریخ سے پہلے ہم نے کال دی تھی۔ایک انٹرویو میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ فارم 47 کی فسطائیت کی باوجود سب سے زیادہ ایم این اے منتخب ہوئے، پی ٹی آئی کو افغان شہریوں کی ضرورت نہیں، پاکستانی عوام ہمارے ساتھ ہے۔ انھوں نے کہا کہ عظمی بخاری نے جو بیان دیا کہ افغان یوتھ فورس بنارکھی ہے غلط ہے، چیزوں کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کرنا درست عمل نہیں، سعودی عرب کیساتھ پی ٹی آئی سمیت ہر پاکستانی کا رشتہ عقیدت کا ہے۔سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکرات شروع ہوئے ہی نہیں تو جاری یا ختم ہونے کی بات ختم ہوجاتی ہے۔انھوں نے کہا کہ محسن نقوی ملک کے وزیرداخلہ ہیں وہ کیوں کرم نہیں گئے، پاکستان ہم سب کا ہے، کرم کا واقعہ بہت افسوسناک ہے، ہمارے دو وزرا اور ایم پی ایز اس وقت کرم میں موجود ہیں۔شیخ وقاص نے کہا کہ کرم میں صوبائی حکومت کی قیادت میں ایک جرگہ ہوچکا ہے، دوسرا جرگہ بھی ہوگا، امن قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کے پی کے منسٹرز ہیلی کاپٹر کے ذریعے کرم پہنچے ہیں۔ہمارا پرامن احتجاجی مارچ ہے ۔ہمارے لوگ نہتے ہیں کوئی اسلحہ نہیں، ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کے شیل حکومت کے پاس ہیں، راستے بند نہ کریں، خندقیں نہ کھودیں لوگ آرام سے چلے جائیں گے۔