راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) تحریک انصاف کے احتجاج میں شامل ہونے کیلئے آنے والے کارکنوں اور رہنمائوں کی گرفتاریوں کیلئے راولپنڈی پولیس نے وفاقی دارلحکومت جانے والے تمام راستوں مری روڈ، سید پور روڈ، پشاور روڈ، کیرج فیکٹری روڈ. کوری روڈ ائرپورٹ روڈ، راول روڈ، ڈبل روڈ سمیت تمام سڑکیں ٹرالروں، بڑی گاڑیوں اور ٹرکوں سمیت دیگر ٹرانسپورٹ کی رکاوٹوں سے سیل رکھیں سی پی او سید خالد ہمدانی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،ایس ایس پی آپریشنز، ڈویڑنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر افسران بھی سی پی او کے ہمراہ تھے، افسران نے سیکورٹی انتظامات پر سی پی او کو بریفنگ دی، سی پی او نے افسران اور فورس کو الرٹ ڈیوٹی کے حوالے سے اہم ہدایات دیں، سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے 6000 سے زائد پولیس افسران و اہلکارفرائض سرانجام دے رہے ہیں،تمام سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر ڈیوٹی کو چیک اور بریف کر رہے ہیں،امن و امان میں خلل اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا، دفعہ 144کی خلاف ورزی پر قانونی کاروائی کی جائے گی، قانون کی بالادستی اور شہریوں کی جان ومال کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔