بہترین کارکردگی میں پنجاب ڈینٹل ہسپتال لاہور

Nov 25, 2024

گلزار ملک

 گلزار ملک

 ہمیشہ وہی لوگ دلوں میں یاد رہتے ہیں جن کے اندر انسانیت کی خدمت کا سچا بغیر کسی لالچ اور مناقت سے پاک جذبہ ہوتا ہے جو اپنے لیے نہیں بلکہ دوسروں کا اچھا سوچتے ہیں ایسے لوگ کسی عہدے پر ہوں یا بغیر عہدے کے اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا ایسے لوگ صرف اور صرف اپنے کام سے کام رکھتے ہیں یہی ان کی کامیابی کا ایک راز ہوتا ہے۔
 آج کے کالم میں ایسی ہی ایک شخصیت کا ذکر کرنا ضروری سمجھتا ہوں جنہوں نے اپنے عہدے کا منصب سنبھالتے ہوئے اپنے پورے ادارے کا نقشہ بدل کر رکھ دیا ہے۔ یہ شخصیت اس وقت براعظم ایشیا کے سب سے بڑے پنجاب ڈینٹل ہسپتال لاہور کی ایم ایس ڈاکٹر فرح حامد ہے جو ایک باپردہ خلوص کے ساتھ ہر کسی سے با اخلاق رویہ میں بات کرتی ہیں اور اپنے فرائض کو انتہائی ایمانداری اور لگن کے ساتھ انجام دے رہی ہیں۔ جنہوں نے گزشتہ تین ماہ کے مختصر عرصہ میں ڈاکٹروں اور دیگر عملہ اور ہسپتال کے پورے نظام  کو تکلے کی طرح سیدھا کر کے رکھ دیا ہے۔ جس پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
 پنجاب ڈینٹل ہسپتال لاہور جو شاہی قلعہ کی بیک سائیڈ پر واقع ہے اس ہسپتال میں ہر روز تقریبا ایک ہزار سے زائد دانتوں کے مریض علاج معالجہ کی غرض سے حاضر ہوتے ہیں اس ہسپتال میں صرف دانتوں کا علاج کیا جاتا ہے اب یہ ہسپتال سیکنڈ ٹائم میں بھی کھلا رہتا ہے۔ اس ہسپتال میں دو بجے سے چھ بجے تک کی شفٹ میں بھی مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ ہسپتال ہذا کی ایم ایس محترمہ فرح حامد کا کہنا ہے کہ ہم اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے کوشش کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر سکیں۔ اور یہاں پر آنے والے ہر مریض کو یہاں سے سرکاری ادویات بھی فراہم کی جاتی ہیں مریضوں کے دانتوں کے ایکسرے اور نئے دانت بھی لگائے جاتے ہیں۔ ہسپتال میں جا کر ہمیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جو مریض یہاں پر آتے ہیں ان کے فون نمبر ان کے پی اے حافظ محمد وقاص نوٹ کر کے میڈم صاحبہ کو دیتے ہیں حافظ صاحب ہر آنے والے شخص کو انتہائی با اخلاق رویے میں ویلکم کرتے ہیں اور پھر میڈم ان مریضوں کو فون کر کے پوچھتی ہیں کہ آپ ہسپتال آئے تھے یقینا آپ یہاں سے مطمئن ہو کر گئے ہوں گے جس پر انہیں جواب ملتا ہے کہ ہم ہسپتال کی بہترین کارکردگی پر مطمئن ہیں۔ میڈم خود دفتر میں بیٹھنے کی بجائے زیادہ تر خود راؤنڈ کر کے مریضوں سے اور ڈاکٹروں سے ملتی ہیں اور تمام شعبہ جات کا جائزہ خود لیتی ہیں ان کی ٹیم میں شامل ڈاکٹر محبوب عالم صاحب ، ڈاکٹر آصف شکور سلیمی صاحب شامل ہیں یہ ڈاکٹر حضرات اس سے پہلے بھی تقریبا ایم ایس حضرات کے ساتھ بھرپور تعاون کے ساتھ رہے ہیں۔ یہ ڈاکٹر صاحبان بھی انتہائی با اخلاق اور محبت سے اپنے فرائض کو انتہائی احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ ہسپتال مذکورہ کی بہترین کارکردگی کو دیکھ کر دل بہت خوش ہوا ہے اب یہاں پر جن لوگوں کا کام مہینوں کے بعد ہوتا تھا وہ اب دنوں میں ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں