چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ان کی بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے احتجاج کو فائنل کال ہی قرار دیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق بانی پی ٹی آئی سے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور ترجمان کے پی حکومت بیرسٹرسیف نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ میری بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال فائنل ہے اور احتجاج کال آف والی بات نہیں ہے۔مذاکرات سے متعلق سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا جی اس پر آپ کو ان شاءاللہ بتائیں گے، مذاکرات چل رہے ہیں۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج کیا جا رہا ہے، انہوں نے 24 نومبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دی تھی۔تحریک انصاف کا قافلہ گزشتہ روز صوابی سے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی قیادت میں اسلام آباد کیلئے روانہ ہوا تھا، پی ٹی آئی کے قافلے میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔