ٹیکسلا میں بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی، علی امین گنڈاپورکیخلاف پرتشدد مظاہروں کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق 24 نومبرگذشتہ روز پرتشدد مظاہروں کا پہلا مقدمہ تھانہ ٹیکسلا میں درج کیا گیا ہے۔ اندراج مقدمہ میں 19 دفعات سمیت دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ٹیکسلا میں اندراج مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی، سابق صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نامزد ہیں۔مقدمے میں اپوزیشن لیڈرعمر ایوب، وزیراعلٰی خیبرپختون خواعلی امین گنڈا پور، علیمہ خان سمیت 300 سے زائد مقامی رہنما اورکارکن نامزد کیے گئے ہیں۔پولیس تھانہ ٹیکسلا ضلع راولپنڈی نے مقدمہ نمبر 2594/24 سب انسپکٹر محمد جاوید جمال کی مدعیت میں درج کیا۔ مقدمے میں ڈکیتی، اقدام قتل اورتعزیرات پاکستان کی دیگردفعات بھی شامل ہیں۔ متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان کے ذریعے عوام کو 24نومبر کے احتجاج کا پیغام دیا. بشری بی بی نے 19نومبرکے ویڈیو پیغام میں کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کا کہا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے پرتشدد احتجاج کر کے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، جلائو گھیرائو کیا. ملزمان نے ریاستی اداروں کیخلاف نعرہ بازی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلایا۔مقدمہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔