اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور میں پیٹرول کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، جڑواں شہر راولپنڈی اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

وزارت پیٹرولیم نے اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں پیٹرول کی قلت سے متعلق فوری اقدام کےلیے چیف سیکریٹری پنجاب کو مراسلہ بھجوادیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت اٹک آئل ریفائنری سےخام تیل کی فراہمی کےلیے فوری اقدامات کرے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ ریفائنری کو خام تیل کی فراہمی اور وہاں سے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بھی رک چکی ہے، معاملہ فوری حل نا کیا گیا تو پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ ہے۔

چیف سیکریٹری کو بھیجے گئے مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ راستوں کی بندش سے جڑواں شہروں اور لاہورمیں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی نہیں ہورہی۔

مراسلے میں کہا گیا کہ راستوں کی بندش کے باعث فیول ٹینکرز مختلف شاہراہوں پر رکے ہوئے ہیں، مسئلے کے حل کےلیے جامع پلان بنایا جائے تاکہ بلاتعطل تیل سپلائی جاری رہے

ای پیپر دی نیشن