بیگم بھٹو کےلئے مادر جمہوریت کا خطاب ‘ اعلیٰ سول ایوارڈ ’نشان امتیاز“ دینے کی بھی منظوری

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی ) حکومت نے بیگم نصرت بھٹو کو آمریت کے خلاف عشروں پر محیط انتھک جدوجہدپر ملک کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ” نشان امتیاز“ دینے کی منظوری دے دی ہے اور انہیں ”مادر جمہوریت“ کا خطاب دیا ہے۔ وزیراعظم گیلانی کی ایڈوائس پر قائم مقام صدر فاروق ایچ نائیک نے بیگم نصرت بھٹو کو ان کی شاندار خدمات پر بعداز مرگ ”نشان امتیاز“ عطا کرنے اور خطاب کی منظوری دی ہے۔ اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی جرات اور بے شمار قربانیوں اور عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کا تعلق ایک عظیم خاندان سے تھا جس کی زندگی اور موت دونوں منفرد تھیں۔ بیگم نصرت بھٹو کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے وہ کم ہے، اپنی طویل جدوجہد اور کارناموں کی وجہ سے ان کا شمار عظیم شخصیات میں ہو گا۔ ان کے خاندان کی قربانیاں بے مثال ہیں اور ان کے غم میں پوری قوم سوگوار ہے۔ شہید زندہ ہوتے ہیں بھٹو خاندان بھی زندہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن