راولپنڈی ‘ فیصل آباد اور ملتان میں بھی میٹرو بس سروس شروع کریں گے: شہباز شریف

Oct 25, 2012

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے مفاد عامہ کے منصوبے میٹرو بس سروس کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ لاہور کے بعد راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں بھی میٹرو بس سروس کا منصوبہ شروع کیا جائے گا جس سے عوام کو تیز رفتار، آرام دہ اور باکفایت سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ بہترین پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم مہذب معاشروں کی علامت ہوتا ہے، پنجاب حکومت ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اُسے بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں میٹرو بس سروس کے منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ جلد تیار کی جائے۔ وہ گزشتہ روز یہاں میٹرو بس سروس کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے لاہور سمیت صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں جدید ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ گجومتہ سے شاہدرہ تک میٹرو بس سروس کیلئے ٹریک کی تعمیر کے کام پر دن رات کام جاری ہے اور ملک کی تاریخ کے اس منفرد اور عظیم الشان منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ گجومتہ سے شاہدرہ تک میٹرو بس سروس کے ٹریک کی تعمیر کے بعد دوسرے مرحلے میں آزادی چوک سے براستہ ریلوے سٹیشن، جی ٹی روڈ رنگ روڈ تک میٹرو بس سروس کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی ایل ڈی اے کو ہدایت کی کہ میٹرو بس سروس کے منصوبے کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں لوگوں کی ٹریفک کے حوالے سے آگاہی کیلئے ایل ای ڈیز سکرینیں فوری طور پر نصب کی جائیں اور ان سکرینوں کو 24 گھنٹے آپریشنل رکھنے کیلئے جنریٹرز کی فراہمی کا بھی بندوبست کیا جائے، شہر کے تمام اہم اشاروں کو سولرانرجی پر منتقل کیا جائے تاکہ بجلی کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے بہاﺅ میں خلل پیدا نہ ہو۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی ایف) ایک انقلابی پروگرام ہے جس سے کم وسیلہ خاندانوں کو مختلف ہنر سکھا کر ان کی آمدن میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو سکیں اور انہیں معاشی مسائل سے نجات مل سکے۔ پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ جنوبی پنجاب کے اضلاع میںکامیابی سے جاری ہے۔ اس پروگرام کا دائرہ کار جلد صوبہ بھرمیں بڑھا دیا جائے گا۔ پی ایس ڈی ایف کے ذریعے اب تک 15 ہزار کم وسیلہ افراد کو ہنرمند بنایا گیا ہے جس میں 40 فیصد خواتین بھی شامل ہیں۔ وہ گزشتہ روز پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے بارے میں منعقدہ بریفنگ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے کہاکہ پی ایس ڈی ایف کے تحت مستحق افراد کو ہنرمند بنایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب پی ایس ڈی ایف کو تمام وسائل فراہم کرے گی۔ متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط تعاون سے فنڈ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پی ایس ڈی ایف کے معاملات کے حل کیلئے کمیٹی کی تشکیل اور یوتھ سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں جدید سلاٹر ہاﺅس کی کامیابی کے بعد جنوبی پنجاب میں بھی ایسا سلاٹر ہاﺅس قائم کیا جائے گا جہاں پر عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق گوشت فراہم کیا جاسکے گا، میرا حالیہ دورہ برطانیہ تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے انتہائی کامیاب رہا ہے اور برطانیہ نے اپنے تعلیمی معیار میں اضافے، اساتذہ کی استعدادکار میں بہتری لانے اور فنی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے شاندار ترقی کی ہے جس سے میں بہت متاثر ہوا ہوں۔ برطانوی حکام اس شعبے میں پنجاب سے تعاون کرنے پر آمادہ ہیں۔ ہنرمند فورس تیار کرکے بے روزگاری اور غربت میں خاطرخواہ کمی لائی جاسکتی ہے تاہم اس حوالے سے ہمیں مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کورسز کو مرتب کرنا ہوگا اور فنی تعلیم کی کلاسوں کا دورانیہ مختصرالمدت کے ساتھ طویل المدت بھی ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گڈگورننس کے ذریعے کرپشن کو ختم کیا گیا ہے جبکہ گھوسٹ کلچر سے بھی چھٹکارا پا لیا گیا ہے۔ پنجاب میں مختلف منصوبوںمیں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور پی ایس ڈی ایف میں بھی نجی شعبے کے کردار کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ کم وسیلہ خاندانوں کو ان کے پاﺅں پر کھڑا ہونے کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کریں۔ جارج ٹر کنگٹن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ڈی ایف کے ذریعے لوگوں کو ہنرمند بنا کر معاشی طور پر مضبوط کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کے اس پروگرام کے باعث جنوبی پنجاب میں نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملاہے۔ انہوں نے پنجاب میں نوجوانوں کو مختلف فنی مہارتیں سکھانے کیلئے اقدامات پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صفائی ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے اور صوبے کے بڑے شہروں میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر صفائی کا مربوط نظام رائج کیا جا رہا ہے۔ ترک کمپنیوں کی معاونت سے صوبائی دارالحکومت میں صفائی کے انتظامات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب صفائی کا یہ جدید نظام لاہور کے بعد دیگر بڑے شہروں میں بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ راولپنڈی، سیالکوٹ، ملتان اور گوجرانوالہ میں لاہور کی طرز پر رواں سال سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا نیا نظام متعارف کرایا جائے گا اور صفائی کے اس جدید نظام کا دائرہ کار پنجاب کے ہر شہر تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیوں کے ساتھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے بہاولپور سے ق لیگ کے سابق ایم پی اے طاہر بشیر چیمہ نے بدھ کو ماڈل ٹاو¿ن میں ملاقات کی اور محمد نواز شریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مسلم لیگی رہنما راجہ اشفاق سرور، ممتاز متیانہ اور ایم این اے شیخ روحیل اصغر بھی موقع پر موجود تھے۔ شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم طاہر بشیر چیمہ کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ان کی پارٹی میں شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور عوامی خدمت کے پروگراموں کے باعث سیاسی شخصیات بڑی تعداد میں پارٹی میں شمولیت اختیار کررہی ہیں، قوم کو اندھیروں میں دھکیلنے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں اورآئندہ عام انتخابات میں قوم لٹیروں اورچوروں کا کڑا احتساب کرے گی، عوام کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے والے نااہل حکمرانوں کو مسترد کردیں گے۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے طاہر بشیر چیمہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) ٹھوس معاشی و اقتصادی پالیسیاں رکھتی ہے اور پنجاب حکومت کے فلاحی پروگراموں سے بڑی تعداد میں غریب لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ ہم نواز شریف کی قیادت میں پارٹی کارکن کی حیثیت سے کام کریں گے۔ دریں اثناءشہبازشریف سے ایم این اے تہمینہ دولتانہ ،وہاڑی سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں حاجی افضل خان کھچی، سید ضیغم شاہ، سید ناصر شاہ اور ناصر دولتانہ نے ملاقات کی۔

مزیدخبریں