توقع ہے چیف الیکشن کمشنر شفاف انتخابات کرائیں گے: منظور وٹو


لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو عدالت عظمیٰ کا تفصیلی فیصلہ آنے سے پہلے کوئی حتمی بیان نہیں دینا چاہئے تھا، ہم ان کا بہت احترام کرتے ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ وہ شفاف انتخابات کرائیں گے۔ پیپلز پارٹی شفاف الیکشن چاہتی ہے جس کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے، وہ گذشتہ شام پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ ثمینہ خالد گھرکی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ منظور احمد وٹو نے کہا کہ اصغر خان کیس میں گواہوں کے بیانات اور پیسے تقسیم کرنے والوں کے بیانات کے بعد ہر چیز کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ شریف برادران کو اب سیاست چھوڑ دینا چاہئے۔ عدالتوں کا بے حد احترام کرتے ہیں، ہمارے وزیراعظم عدالتوں کی طلبی پر عدالت کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔ ہم عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کر رہے ہیں جبکہ کل تک عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کا درس دینے والے اب خود عدلیہ کے فیصلے پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔ کوئی بات چھپی نہیں رہی، اب وزیراعلیٰ پنجاب کو مستعفی ہو جانا چاہئے۔ شریف برادران نے ایجنسیوں کے ذریعے پیسے لئے، یہ بات ثابت ہو چکی ہے۔ تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ الیکشن کمشنر کو سیاسی معاملات میں غیر جانبدار رہنا چاہئے اور سیاسی بیانات نہیں دینے چاہئیں۔ الیکشن کمشن کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے، امید ہے کہ الیکشن کمشن شفاف الیکشن کرائیں گے۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ سے میاں منظور احمد وٹو اور تنویر اشرف کائرہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں موجودہ سیاسی صورتحال اور آنے والے عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبے میں پارٹی کے معاملات کو چلانے اور مسلم لیگ (ن) کو ٹف ٹائم دینے کا بھی عزم کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے پنجاب پیپلز پارٹی کی نئی قیادت کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...