پشاور:باچا خان مرکز کے قریب بم دھماکہ، مہمند اور صوابی میں 3 سکول تباہ

Oct 25, 2012


پشاور + مہمند (بیورو رپورٹ+نامہ نگار) پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی دفتر باچا خان مرکز کے قریب زوردار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں باچا خان مرکز کی ایک دیوار گر گئی اور قریب واقع نہر کے پل کو بھی نقصان پہنچا دھماکہ کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس کے باعث شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے تاہم دھماکہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ مہمند ایجنسی اور صوابی میں 3 سکولوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق شدت پسندوں نے باچا خان مرکز کے مین گیٹ کے قریب بارودی مواد نصب کیا تھا جو رات نو بجے کے قریب زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز پورے شہر میں سنی گئی اور باچا خان مرکز سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کیا اور مرکز کو جانے والے تمام راستے سیل کرکے مشتبہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مہمند ایجنسی میں تعلیم دشمنوں نے لڑکوں کے 2 پرائمری سکولوں ملک اورنگ زیب اور ملک دلاور میں دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا جس کے پھٹنے سے دونوں سکولوں کی عمارتیں تباہ ہو گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ صوابی کے علاقہ جہانگیرہ میں پرائمری سکول کو اڑا دیا گیا۔

مزیدخبریں