اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت /این این آئی) سپریم کورٹ نے نیب سے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی گرفتاری سے متعلق پیش رفت کی رپورٹ طلب کر لی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی تقرری کے خلاف عمل درآمد کیس کی سماعت کی۔ نیب کے وکیل فوزی علی نے عدالت کو بتایا کہ توقیر صادق سمیت 6 افراد کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دئیے گئے ہیں۔ منصور مظفر، جواد جمیل، میر کمال فرید، دیوان ضیا اور شہزاد سلیم کے خلاف ریفرنس ایڈمنسٹریٹو جج کے سامنے دائر کئے گئے ہیں۔ نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ توقیر صادق کی گرفتاری کےلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ آئی جی اسلام آباد اور پنجاب پولیس تعاون کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے سماعت دو ہفتے کےلئے ملتوی کر دی۔