اسلام آباد (پ ر) نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی سے برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلیسن بلیک نے ملاقات کی۔ دوطرفہ تعلقات، تجارتی و صنعتی تعاون بڑھانے اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمیشن کے پولیٹکل آفیسر سوزن ہائی لینڈ اور تجارت و سرمایہ کاری کے آفیسر جیسن ممتاز بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی عمل کے تسلسل کی وجہ سے استحکام ہے، عام انتخابات چند ماہ میں متوقع ہیں۔ ملک معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ابھر رہے ہیں جن سے برطانوی سرمایہ کار خاطر خواہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں اصلاحات کا آغاز تعلیم سے کیا اور اپنی اصلاحات کا مرکز پرائمری سکول کو بنایا۔ ہمارے اقدامات کے سبب شرح خواندگی 42% سے بڑھ کر 62% ہو گئی۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا پاکستان کے ساتھ گہرے تجارتی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔